سوڈان اور اسرائیل کا تعلقات معمول پر لانے پر اتفاق
- ہفتہ 24 / اکتوبر / 2020
- 5860
سوڈان اور اسرائیل نے امریکا کی مدد سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق سینئر امریکی عہدیداران نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک اور عبوری کونسل کے سربراہ عبدالفتح البرہان سے فون کال کے دوران معاہدے پر اتفاق رائے کروایا۔Skip
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے کے بعد سوڈان کا نام دہشت گردی کو فروغ دینے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا وعدہ کیا ہے۔ تینوں ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ رہنماؤں نے سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے اور اپنی اقوام کے درمیان جنگ کی صورتحال ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سوڈان گزشتہ دو ماہ میں تیسرا عرب ملک ہے جس نے اسرائیل سے دشمنی ختم کرنے اور تعلقات معمول پر لانے کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کیے تھے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ رہنماؤں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں بنیادی توجہ زراعت پر ہوگی۔ آنے والے ہفتوں میں دونوں ملکوں کے وفود ملاقات کریں گے تاکہ زرعی ٹیکنالوجی، ایوی ایشن، مہاجرین کے مسائل اور دیگر شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر بات چیت کی جاسکے۔