منشیات خریدنے پر بالی وڈ کی اداکارہ گرفتار
- سوموار 26 / اکتوبر / 2020
- 7280
بالی وڈ انڈسٹری میں فن کاروں کے منشیات استعمال کرنے کی تحقیقات کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ایک اداکارہ کو رنگے ہاتھوں منشیات خریدتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔
بالی وڈ نگری میں اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد اداکاروں کے منشیات استعمال کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا جو موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ انسداد منشیات کے ادارے اور پولیس نے بالی وڈ نگری میں منشیات کے مبینہ استعمال کی تحقیقات کے دائرے کو وسیع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو این سی بی نے ممبئی سے ایک اداکارہ کو گرفتار کیا اور اُن کے قبضے سے 99 گرام گانجا برآمد کیا ہے۔ پولیس نے اداکارہ کی شناخت ظاہر نہیں کی البتہ انجینئرنگ کے شعبے میں فارغ التحصیل اداکارہ ایک ہندی فلم اور متعدد سیریلز میں کام کر چکی ہے۔
این سی بی نے ایسے موقع پر اداکارہ کو گرفتار کیا ہے جب سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے پسِ پردہ منشیات کے استعمال کی تحقیقات ہورہی ہیں۔ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر کی سربراہی میں ٹیم نے اتوار کو اداکارہ کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ 20 سالہ شخص سے منشیات خرید رہی تھیں۔
اداکارہ اور اس شخص کا مقامی عدالت سےآٹھ نومبر تک کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ بالی وڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت رواں برس 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں اسے خود کشی قرار دیا تھا۔
بعدازاں سوشانت کی سابق ٹیلنٹ مینیجر جیا ساہا نے اداکار کی خودکشی کی تحقیقات کے دوران منشیات کے استعمال کے سلسلے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کو کچھ مشہور اداکاروں کے نام بتائے تھے۔ پولیس نے سوشانت کی گرل فرینڈ ریہا چکرورتی کو منشیات کے استعمال کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔ جنہیں 28 روز بعد ضمانت پر رہائی ملی تھی۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گزشتہ ماہ نامور اداکارہ دپیکا پڈوکون کو بھی طلب کر کے ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔ اس کے علاوہ ادکارہ راکل پریت سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی مینیجر کرشمہ پرکاش سے بھی پوچھ گچھ ہو چکی ہے۔