مسجد الحرام کے دروازے سے کار ٹکرانے پر ڈرائیور گرفتار

  • ہفتہ 31 / اکتوبر / 2020
  • 9880

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایک تیز رفتار کار مکہ کی مسجد الحرام سے ٹکرائی ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔

سرکاری اطلاعات کے مطابق اس گاڑی میں ایک سعودی شہری سوار تھا اور یہ واقعہ جمعے کی شب 10 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔ واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ گاڑی سڑک پر موجود رکاوٹ سے ٹکرائی اور اسے عبور کر گئی۔ ڈرائیور گاڑی روکنے کے بجائے اسے چلاتا رہا۔ کار مسجد الحرام کے جنوبی حصے میں دروازے سے ٹکرا گئی۔

پولیس نے کار میں موجود ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جو سرکاری اطلاعات کے مطابق ’غیر معمولی حالت‘ میں تھا۔ حکام نے اس کی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی گرفتار شخص کے متعلق مزید معلومات فراہم کی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس شخص کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

سرکاری چینل قرآن ٹی وی پر حادثے سے قبل اور بعد میں مسلمانوں کو خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ امکان ہے کہ اس دوران مسجد الحرام میں موجود افراد حادثے سے لاعلم رہے۔  واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور لوگ اس پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سکیورٹی اہلکار اس کار کے ٹکرانے کے بعد اسے جائے وقوعہ سے ہٹا رہے ہیں۔