فرانس میں پاکستانیوں کو کوئی پریشانی نہیں: وزارت خارجہ
- اتوار 01 / نومبر / 2020
- 5510
پاکستان نے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی خبروں کوبے بنیاد قرار دیا ہے۔ اور کہا ہے کہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہے۔
دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ معلومات پاکستان مخالف میڈیا پھیلا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ فرانس میں موجود پاکستانی قانون پر عمل کرنے والے ہیں اور فرانسیسی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔ حالیہ واقعات کے بعد فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کسی قسم کی مشکلات کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرانس کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی تنقید کے بعد ہمارے شہریوں کو فراہم کردہ 183 وزٹ ویزے مسترد کردیے گئے ہیں۔ اسی ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ مکمل دستاویز رکھنے والے 118 شہریوں کو جبری طور پر ڈی پورٹ کردیا گیا۔
اسی جعلی ٹوئٹ کے دوسرے حصے میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد کی فہرست میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی بہن کا نام بھی شامل ہے۔ وہ اپنی بیمار ساس کو دیکھنا چاہتی ہیں اس لیے ہم فرانسیسی حکام سے انہیں عارضی طور پر رکنے کی اجازت دینے کی درخواست کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر فرانسیسی صدر میکرون کی جانب سے متناعہ بیان پر وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کی حوصلہ افزائی کرکے مسلمانوں، بشمول اپنے شہریوں کو جان بوجھ کر مشتعل کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ بدقسمتی سے فرانسیسی صدر نے تشدد پر آمادہ دہشت گردوں، چاہے وہ مسلمان، سفید نسل پرست یا نازی نظریات کے حامل ہوں، کی بجائے اسلام پر حملہ آور ہوتے ہوئے اسلاموفوبیا کی حوصلہ افزائی کا راستہ چنا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام پر اپنے بلا سوچے سمجھے حملے سے صدر ایمانوئیل میکرون یورپ اور دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات پر حملہ آور ہوئے ہیں اور انہیں ٹھیس پہنچانے کا سبب بنے ہیں۔