امریکہ میں صدارتی انتخاب کے لئے ووٹنگ شروع ہوگئی
- منگل 03 / نومبر / 2020
- 6380
امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ قیاس کیا جارہا ہے کہ اس بار زیادہ تعداد میں امریکی شہری ووٹ ڈالیں گے۔ پولنگ کے مقررہ دن سے پہلے ہی 10 کروڑ کے لگ بھگ لوگ پیشگی ووٹ دینے کی سہولت سے اتفادہ کرچکے تھے۔
پولنگ کا آغاز منگل کو ریاست نیو ہمپشائر کے شمال مشرق میں واقع دو ٹاؤنز سے ہوا جہاں پولنگ اسٹیشن علی الصبح روایتی طریقے سے کھولے گئے۔ امریکی صدر کا اتخاب ایک ایسے نظام کے ذریعے ہوتا ہے جس کے دو مراحل ہیں۔ پہلے مرحلے میں رائے دہندگان مندوبین کا انتخاب کرتے ہیں۔ جس امیدوار کے حمایت یافتہ مندوبین کی تعداد زیادہ ہو وہ وائٹ ہاؤس پہنچنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ اس نظام کے تحت ریاست کی سطح پر ڈالے گئے ووٹوں کے بعد الیکٹورل کالج تشکیل پاتا ہے اور پھر یہ الیکٹورل کالج یا ڈیلیگیٹس صدر کو منتخب کرتے ہیں۔
امریکی نظام کے تحت ہر ریاست میں اس کی آبادی کے تناسب سے ڈیلیگیٹس کی تعداد مخصوص ہے اور جس ریاست میں جس جماعت کو کل ووٹوں میں برتری حاصل ہوتی ہے۔ اس ریاست میں اسی پارٹی کے تمام ڈیلیگیٹس کامیاب تصور ہوتے ہیں۔
صدارتی انتخابات میں 270 ڈیگیٹس کی حمایت حاصل کرنے والی پارٹی کا امیدوار صدر منتخب ہوجاتا ہے۔ انتخابی نتائج پولنگ کے بعد سامنے آنا شروع ہوں گے تاہم اس بار پوسٹل ووٹوں کی کثیر تعداد کی وجہ سے نتائج میں تاخیر کا امکان بھی ظاہر کیاجارہا ہے۔