حکومت اشتعال انگیزی سے گریز کرے، سیاسی بیان کو غداری نہ کہا جائے: ایاز صادق
- منگل 03 / نومبر / 2020
- 4980
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت اشتعال انگیزی سے گریز کرے اور غداری کے الزامات عائد نہ کئے جائیں ورنہ بات بگڑ سکتی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا میرے ساتھ ذاتی مسئلہ ہے کیونکہ وہ 2 مرتبہ الیکشن ہارے ہیں۔ اس وجہ سے انہوں نے میرے حلقے میں بھارت کا جھنڈا اور نریندر مودی کی تصاویر لگوائیں۔ اس کا کوئی جواز نہیں تھا اور یہ افسوس کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایک مرتبہ واضح کردیا ہے کہ میں نے حکومت اور وزرا کے بارے میں بات کی تھی۔ مجھے اب وضاحت کی ضرورت نہیں۔ میں نے جو کہنا تھا کہہ دیا۔ میرے جیسا آدمی، جس نے 2002 سے کبھی ایسی بات نہیں کی تھی لیکن اگر آپ کو روز یہ کہا جائے کہ آپ میں مودی کی روح ہے، آپ ہندوستان کے ایجنٹ ہیں اور غدار ہیں تو کیا آپ کا دل نہیں دکھے گا تو کیا آپ بھی جذبات میں آکر کوئی بات نہیں کریں گے؟
میں نے جو بات کی وہ حکومت کے بارے میں تھی۔ سیاسی مسئلے کو سیاسی ہی رہنا چاہیے۔ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ فواد چوہدری کے بیان پر بات کیوں نہیں کی۔ اگر میں ان کی بات کو آگے لے کر جاؤں گا تو یہ قومی مفاد میں نہیں ہوگا۔ میں کہتا ہوں کہ اتنا مت تنگ کرو کہ کوئی اور بات ہوجائے۔
خیال رہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ دنوں ایوان زیریں کے اجلاس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ حکومت نے گھٹنے ٹیک کر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھارت بھیجا تھا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے بیان پر بھارتی میڈیا نے پائلٹ کی رہائی کو بھجارت کی فتح سے تعبیر کیا گیا تھا۔