ملک میں دوبارہ لاک ڈاؤن نہیں ہوگا: وزیر اعظم
- منگل 03 / نومبر / 2020
- 5060
وزیراعظم عمران خان نے ملک میں صنعتکاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے ہر قسم کی صنعتوں کو رعائیتی بجلی دینے اور بجلی کے اضافی استعمال پر رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزرا اور مشیر خزانہ کے ہمراہ نیوز بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والی بجلی بھارت اور بنگلہ دیش میں صنعتکاروں کو دی جانے والی بجلی سے 25 فیصد مہنگی ہے۔ جس کی وجہ سے ہماری صنعت، کم قیمت بجلی استعمال کرنے والی صنعتوں کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کی حکومت نے برآمد کنندگان کو بہت سی مراعات دیں۔ اور کورونا کے باوجود پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہؤا۔ حکومت مقامی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے برآمادات کو فروغ دے گی۔
یکم نومبرسے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کے لیے معمول سے زیادہ بجلی کے استعمال پرآئندہ برس جون تک 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ آئندہ 3 سالوں تک ہر قسم کی صنعت کے لیے 25 فیصد کم قیمت پر اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے معاشی اور معاشرتی مسائل پیدا ہوئے ہیں لیکن اب کاروبار اور صنعتیں بند نہیں کریں گے۔ ملک میں دوبارہ لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔ تاہم انہوں نے عوام سے ہدایت کی کہ وہ عوامی مقامات پر فیس ماسک کا استعمال ضرور کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی کیسز بڑھ رہے ہیں اس لیے ایس او پیز پر عمل کریں۔