پاکستان کسی بھی امریکی صدر کے ساتھ کام کرے گا: دفترخارجہ

  • بدھ 04 / نومبر / 2020
  • 7580

دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ امریکی صدارتی انتخاب میں جو کوئی بھی کامیاب ہو پاکستان اس کے ساتھ کام کرے گا۔

امریکی صدارت کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کے جو بائیڈن موجودہ صدر ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ کے مد مقابل ہیں۔ عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان نے انتخاب کے دوران امریکی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان، امریکا کی جانب سے بھارت کے مقابلے میں بالخصوص کشمیر کے مسئلے پر مساوی سلوک چاہتا ہے۔ جرمن جریدے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے خبردار کیا تھا کہ خطے میں تصادم کی سورت موجود ہے جو کسی بھی وقت خطرناک ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ  ہم چاہتے ہیں دنیا کا طاقت ور ترین ملک ہونے کی حیثیت سے امریکا سب ملکوں سے مساوی سلوک کرے۔ انہوں نے کہا تھا کہ امریکا کا یہ قیاس غلط ہے کہ بھارت، چین کو قابو کرلے گا۔

وزیراعظم نے امریکی انتخاب کے نتائج پر قیاس آرائی سے گریز کیا تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر امریکی صدر کے ساتھ مل کر چل سکتا ہے۔  جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود میں اور امریکی صدر میں کوئی مماثلت دیکھتے ہیں؟ تو وزیراعظم نے جواب دیا کہ ہمیں (پی ٹی آئی) بہت غیر روایتی ہونا پڑا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ بھی روایت شکن ہیں۔