اتحادیوں کے لئے وزیر اعظم کے ظہرانے میں شکایات اور یقین دہانی

  • جمعرات 05 / نومبر / 2020
  • 4070

وزیرِ اعظم عمران خان نے سیاسی اتحادیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس دوران اتحادی جماعتوں نے وعدے پورے نہ ہونے پر وزیرِ اعظم سے شکایات کیں۔ وزیر اعظم نے تمام وعدے پورے کرنے کا یقین دلایا۔

ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے ترقیاتی فنڈز اور میگا پروجیکٹ نہ ملنے پر تحفظات کا اظہار کیا اور حلقے کے عوام کے مسائل حل نہ ہونے پر احتجاج کیا ہے۔ فہمیدہ مرزا نے اندرونِ سندھ کو نظر انداز کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اندرونِ سندھ میں وفاقی یا صوبائی حکومتوں نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے۔ اندرونِ سندھ کے عوام کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔

 اندرونِ سندھ کے عوام کو نظر اندار کرنے پر مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ پیرپگارا نے وزیرِ اعظم عمران خان سے کہا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں لیکن حکومت اس کا ثبوت نہیں دے رہی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی وفاقی حکومت کی جانب سے وعدوں کی تکمیل نہ ہونے پر وزیرِ اعظم عمران خان سے شکایت کی۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ایم کیو ایم نے بھی وزیرِ اعظم عمران خان سے کراچی سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ میں نے آپ کے تحفظات سن لیے ہیں، جلد ان پر عمل درآمد ہوتا نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام لوگ پاکستان کو بہتر بنانے کے لیے یکجا ہیں۔ آپ کو نظر آ رہا ہے کہ اپوزیشن ملک کو نقصان پہنچانے پر تلی ہوئی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن مجھے بلیک میل کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ لیکن میں بلیک میل نہیں ہونے والا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے ظہرانے میں ق لیگ اور بی این پی مینگل شریک نہیں ہوئیں۔