کورونا پھیلنے کے باوجود تبلیغی جماعت کا اجتماع منعقد ہوگا
- جمعرات 05 / نومبر / 2020
- 6940
پاکستان میں رائے ونڈ کے مقام پر تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع کورونا وائرس پھیلنے کی خبروں کے باوجود منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس بار اس اجتماع میں شرکا کی کم تعداد شریک ہوگی اور پابندیوں کا خیال رکھا جائے گا۔
اس سال مارچ میں تبلیغی اجتماع کے بعد شرکا کے ذریعے کورونا پھیلنے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ تاہم آج سے دوبارہ یہ اجتماع پھر منعقد ہورہاہے۔ البتہ کورونا وائرس کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے اجتماع کی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے مابین بعض معاملات طے پائے ہیں۔ ان کے مطابق آج سے شروع ہونے والا رائیونڈ اجتماع گذشتہ اجتماعات سے مختلف ہو گا۔
اس دفعہ اجتماع میں شرکا کی زیادہ سے زیادہ تعداد 50 ہزار ہوگی۔ بیرون ملک سے آنے والے افراد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق انڈیا سے صرف پانچ علما خصوصی اجازت کے بعد اجتماع میں شرکت کریں گے۔ ڈی سی لاہور مدثر زیاض نے بی بی سی کو بتایا کہ کورونا وائس کی وجہ سے اجتماع کی انتظامیہ نے رضاکارانہ طور پر اس بات پر آمادگی کا اظہار کر دیا تھا کہ ہم شرکا کی تعداد کم سے کم رکھیں گے۔ جس کے بعد ہم امید کر رہے ہیں کہ جو جماعت میں شامل ٹولیوں کی تعداد کم ہو گی اور 30 ہزار کے قریب افراد شرکت کریں گے۔
دو مرحلوں پر مشتعمل اجتماع کو اس دفعہ ایک مرحلے تک ہی محدود کر دیا گیا ہے۔ جس کے بعد صرف آٹھ حلقے اجتماع میں شرکت کریں گے۔ جس میں کراچی، پشاور، لاہور، سوات، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان، بلوچستان،فیصل آباد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی شخص کو انفرادی طور پر اجتماع میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ اجتماع گاہ کی چار دیواری کے اندر ہی تمام ضروریات کا انتظام کیا جائے گا۔
ڈی سی لاہور مدثر ریاض کا یہ بھی کہنا تھا کہ اجتماع میں داخل ہونے والے شخص کو ایک دفعہ اندر جانے کے بعد تین دن سے پہلے باہر آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اجتماع میں لوگ کورونا سے متعلق ہدایات پر عمل کریں گے۔ اجتماع گاہ میں ٹھہرنے اور سونے کی ترتیب کے مطابق دو بستر کی بیچ میں ایک بستر کا فاصلہ رکھا جائے گا۔ شرکا چار فٹ کے فاصلے پر بیٹھیں گے۔
اجتماع کے پنڈال کو چاروں طرف سے بند رکھا گیا ہے۔ اجتماع کے اختتام پر شرکا کا ایک ساتھ نکلنا منع ہو گا۔ اجتماع سے جماعتوں کا خروج نہیں ہو گا بلکہ حسب ترتیب اپنے اپنے علاقوں اور مراکز کے مطابق جماعتیں نکلیں گی۔ اجتماع کے دوران شرکا میں کورونا وائرس کی موجودگی دیکھنے کے لیے رینڈم ٹیسٹنگ بھی کی جائے گی۔