پاکستان میں کورونا کے نئے کیسز، مزید پابندیاں عائد
- ہفتہ 07 / نومبر / 2020
- 6180
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کی جانب سے مختلف پابندیاں بھی عائد کردی گئی ہیں۔
20 نومبر سے بند مقامات پر شادیوں کے انعقاد پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کو 100 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ ملک میں کورونا وائرس کا شکار لوگوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ اس وبا میں سات ہزار کے لگ بھگ مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں ملک میں مزید 923 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 17 مریض دم توڑ گئے۔ ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد اسکولوں کی بندش سمیت بتدریج مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ ہؤا تھا۔
7 نومبر کو ملک میں وبا کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ پنجاب میں کورونا کے352 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 208 ہوگئی۔ اسلام آباد میں وائرس سے مزید 5 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 236 ہوگئی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 137 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز 40 ہزار 285 ہوگئے ہیں۔ اموات کی تعداد 1288 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز بلوچستان میں مزید 8 افراد کو وائرس کا شکار ہوئے جس کے بعد مجموعی متاثرین 16 ہزار 41 ہوگئے ہیں۔