لاہور پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی کو گرفتار کرلیا
- ہفتہ 07 / نومبر / 2020
- 5700
لاہور میں پولیس نے مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکریٹری اور رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر کو گرفتار کرلیا ہے۔
خواجہ عمران نذیر کے زیر استعمال گاڑی پولیس کو مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب دفتر پر پتھراؤ سے متعلق مقدمے میں مطلوب تھی۔ خیال رہے کہ اگست میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی نیب دفتر میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی تھی۔ اس پر نیب افسران کی مدعیت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے مشتبہ گاڑی کو سیف سٹی اتھارٹی کی مدد سے ماڈل ٹاون لنک روڈ پر روکا جس میں رکن صوبائی اسمبلی سوار تھے۔ پولیس خواجہ عمران نذیر اور مطلوبہ گاڑی کو تھانہ فیصل ٹاؤن لے گئی، جہاں سے چوہنگ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
رکن اسمبلی کی گرفتاری پر ردِ عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن)ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ عمران نذیر نے کوئی جرم نہیں کیا۔ ان کی گرفتاری لاہور جلسے سے قبل اپوزیشن پرحملہ ہے جو ان کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک دےگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی مقامی قیادت پولیس تھانے میں موجود ہے اور گرفتاری عمران نذیر کی رہائی کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔
دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی عمران نے اسے انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ چاہے کچھ بھی کرلیں 13 دسمبر کو جلسہ ضرور ہوگا۔