اپوزیشن جان لے اس کا مقابلہ مجھ سے ہے: عمران خان
- ہفتہ 07 / نومبر / 2020
- 3890
وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو سرکس قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے 30 سال اس ملک کو لوٹا۔
حافظ آباد میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملکی قانون سے اپوزیشن رہنماؤں کو خطرہ ہ نہیں تھا لیکن اب انہیں مشکل کا سامنا ہے اور قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے دور میں نیب غلام تھی لیکن ہمارے دور میں آزاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مجھے اس لیے بلیک میل کررہے ہیں تاکہ میں نیب ختم کردوں اور ان کی چوری چھپ جائے۔ عمران خان نے لندن میں زیر علاج مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ وہ جیسے ہی لندن پہنچے صحتیاب ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن جان لے کہ آپ سب کا مقابلہ مجھ سے ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر اپوزیشن نے سوچا کہ حکومت کو دباؤ میں لا کر نیب کو ختم کرادیں گے۔ عمران خان کے کہا کہ نیب کو ختم نہ کرنے پر اپوزیشن نے عدلیہ اور آرمی چیف و ڈی جی آئی ایس آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ آرمی چیف پر حملہ پوری فوج پر حملہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ فوج بغاوت کردے یعنی ہماری فوج تباہ ہو۔ نواز شریف اس حد تک پہنچ گئے کہ اپنی فوج کے خلاف بھارتی زبان بولنے لگے ہیں۔ لیکن اس سے میرا عزم مزید مضبوط ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ملک کے تمام میر جعفر، میرصادق اور ایاز صادق جیسے لوگوں کو قانون کے دائرے میں لے کر آؤں گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب حکومت سال رواں کے دوران 50 فیصد لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دے گی۔ انہوں نے حافظ آباد یونیورسٹی اور ضلعی ہسپتال بنانے کا اعلان بھی کیا۔اور اعلان کیا کہ 2021تک پنجاب کے سب شہریوں کو ہیلتھ کارڈ ملے گا۔ ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا کام شروع ہوچکا ہے۔ امیر ترین ملکوں میں بھی یہ ہیلتھ سروس نہیں جو پاکستان میں دی جارہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت دوبارہ اس لیے ملی کیونکہ وہاں غربت 28 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد رہ گئی تھی۔
واضح رہے عمران خان کے جلسہ کے موقع پر حافظ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔