اب مل کر کام کرنے کا وقت ہے: جو بائیڈن

  • اتوار 08 / نومبر / 2020
  • 4750

امریکہ کے نو منتخب ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن نے ہفتے کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کو تقسیم نہیں بلکہ متحد کریں گے۔

امریکہ کے بیشتر ذرائع ابلاغ کی جانب سے انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے تحت بائیڈن کی فتح کے اعلان کے بعد نو منتخب صدر نے ہفتے کی شب ریاست ڈیلاویئر میں اپنی انتخابی مہم کے ہیڈکوارٹر کے باہر قوم سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نو منتخب نائب صدر کاملا ہیرس بھی بائیڈن کے ہمراہ تھیں۔

اپنے خطاب میں جو بائیڈن نے کہا کہ وہ تمام امریکیوں کے صدر ہیں اور وہ امریکہ کو ایک بار پھر دنیا بھر میں قابلِ احترام بنائیں گے۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ ان ووٹرز سے بھی ملیں جنہوں نے اُنہیں ووٹ نہیں دیا۔ اُن کے بقول وہ خود کئی بار ناکامی سے دو چار ہوئے لیکن اب ایک دوسرے کو موقع دینے کی ضرورت ہے۔

بائیڈن کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ سخت بیان بازی کو ختم کیا جائے، درجہ حرارت کم کیا جائے، ایک دوسرے کو دوبارہ برداشت کریں اور دوبارہ ایک دوسرے کو سنیں۔  منگل کو ہونے والے امریکہ کے صدارتی انتخاب میں اب تک امریکہ کی 46 ریاستوں کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج آ چکے ہیں جن کے مطابق جو بائیڈن نے 279 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے ہیں۔ ری پبلکن امیدوار اور موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔ مزید چار ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

ہفتے کو اپنے خطاب میں جو بائیڈن نے اپنی جیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے وہ پیر کو ٹاسک فورس کا اعلان کریں گے۔ جو بائیڈن 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اُن کے ہمراہ نائب صدر کاملا ہیرس بھی حلف اٹھائیں گی جو امریکی تاریخ کی پہلی خاتون نائب صدر ہوں گی۔ کاملا ہیرس اس وقت ریاست کیلی فورنیا سے منتخب سینیٹر ہیں۔

ہفتے کی شب کاملا ہیرس نے بھی وکٹری اسپیچ کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کی مشکور ہیں جس نے ریکارڈ ووٹ دے کر واضح پیغام دیا ہے۔ عوام نے امید، اتحاد اور شائستگی کا انتخاب کیا ہے۔ کاملا نے اپنے خطاب کے آغاز میں انسانی حقوق کے کارکن جان لوئس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنی والدہ شیامالا گوپالن ہیرس اور ان تمام خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کیا جو ہجرت کرکے امریکہ آئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میری والدہ جب بھارت سے امریکہ آئی تھیں تو انہوں نے یہ تصور بھی نہیں کیا ہوگا کہ کبھی ان کی بیٹی ملک کی نائب صدر بنے گی۔ کاملا نے کہا کہ وہ نائب صدر بننے والی پہلی خاتون ہوں گی لیکن وہ یہ منصب سنبھالنے والی آخری خاتون نہیں ہوں گی۔ اُن کے بقول امریکہ وہ ملک ہے جہاں کچھ بھی ممکن ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے بیشتر ذرائع ابلاغ کی جانب سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کی کامیابی کے اعلان کے بعد ایک بار پھر اپنی فتح کا دعویٰ کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کی دوپہر ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ بہت بڑے مارجن کے ساتھ صدارتی انتخاب جیت چکے ہیں۔ تاہم ٹوئٹر نے ایک بار پھر صدر کی اس ٹوئٹ پر انتباہی پیغام لگایا ہے کہ جس وقت یہ ٹوئٹ کیا گیا اس وقت تک حکام نے انتخابات کے نتائج کا اعلان نہیں کیا تھا۔

صدر ٹرمپ منگل کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد سے ٹوئٹر پر اور اپنے خطابات میں مسلسل انتخابات میں اپنی کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں اور ڈیموکریٹس پر دھاندلی کے ذریعے انتخابی نتائج تبدیل کرنے کے الزامات لگا رہے ہیں۔ جمعے کو صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظمین نے بھی صدارتی انتخاب کے نتائج پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات ابھی ختم نہیں ہوئے۔