کورونا کیسز میں خطرناک اضافہ، شادی کی تقاریب پر مزید پابندیاں
- سوموار 09 / نومبر / 2020
- 4440
ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شادی کی تقریبات کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
ملک میں فعال کیسز کی تعداد ستمبر کے مہینے میں 6 ہزار سے کم تھی جو 17 ہزار 800 سے تجاوز کرچکی ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کی نشست کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا اور تقریب صرف 2 گھنٹوں پر محیط ہوگی جو 10 بجے اختتام پذیر ہوجائے گی۔
ہدایات میں کہا گیا کہ تمام مہمانوں کو فیس ماسک پہننا ہوگا اور شادی کی تقریب کے منتظمین کو نشستوں کی گنجائش داخلی مقام پر آویزاں کرنا ہوگی۔ انہیں ڈینگی کے خلاف بھی احتیاطی تدابیر اپنانی ہوں گی۔ تقریب میں آنے والے تمام افراد کا درجہ حرارت بھی لینا ہوگا۔ کھانے میں بوفے سسٹم پر پابندی ہوگی اور صرف لنچ باکسز یا میز پر کھانا پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔
شادی کی تقریب کے منتظم کو کم از کم 15 روز تک شادی کے شرکا اور عملے کے نام اور رابطے کی تفصیلات اپنے پاس رکھنا ہوں گی۔
دوسری جانب دارالحکومت اسلام آباد میں ویک اینڈ کے موقع پر تقریباً 600 کیسز سامنے آئے جس کے بعد اسلام آباد انتظامیہ نے 5 رہائشی علاقوں کو کم از کم ایک ہفتے کے لیے سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ 6 نومبر کو این سی او سی نے ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 100 روپے جرمانہ اور صرف کھلے مقامات پر شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار مہمانوں کی شرکت کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ تمام نجی اور سرکاری اداروں میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
نئی ہدایات کے مطابق منتظمین کو شادی کی تقریب میں 60 فیصد الکوحل پر مبنی ہینڈ سینیٹائزر اور پانی کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی تاکہ ہر آنے والا فرد ہاتھ دھو سکے۔ منتظمین کو احتیاطی اقدامات کو فروغ دینا ہوگا اور روایتی میل ملاپ مثلاً گلے ملنے، ہاتھ ملانے کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
تقریب کے لیے استعمال ہونے والی بسز، وینز، گاڑیوں کے علاوہ کیمروں اور دیگر آلات کو جراثیم سے پاک کرنا ہوگا جبکہ قالینوں کے استعمال سے گریز کرنا ہوگا۔ مہمانوں کو کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھونے اور ہاتھوں کو جراثیم سے پاک کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔