کراچی پولیس نے مزار قائد کی توہین کے مقدمہ کو جھوٹا قرار دیا
- سوموار 09 / نومبر / 2020
- 5960
کراچی پولیس نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔
سٹی کورٹ میں ہونے والے سماعت میں پولیس نے استغاثہ کے پیش کردہ اعتراضات کو دور کرکے حتمی چالان جمع کروایا جس میں مقدمے کو بی کلاس قرار دیا گیا۔ چالان میں مزار قائد کے تقدس، املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات خارج کردیے گئے۔ پبلک پراسیکیوٹرز نے پولیس کے پیش کردہ چالان پر اتفاق کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دے دیا۔
چالان میں کہا گیا کہ تفیشی افسر کی کوشش کے باوجود شکایت کنندہ وقاص احمد خان اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے حاضر نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں چالان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ جس وقت مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر مزار قائد پر حاضری کے لیے موجود تھے، تب مدعی مزار قائد پر موجود نہیں تھا۔
چالان میں بتایا گیا ہے کہ وقاص احمد خان کے کال ڈیٹا ریکارڈ سے ظاہر ہوا کہ وہ مزار قائد میں موجود نہیں تھا۔ چالان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی مزار قائد پر حاضری کے وقت مزار عام شہریوں کے لیے بند تھا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر رہنما 18 اکتوبر کو اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے تھے۔ اس دوران انہیں مزار قائد کا تقدس پامال کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔