گلگت بلتستان کے انتخابات میں کلین سویپ کریں گے: عمران خان

  • سوموار 09 / نومبر / 2020
  • 6900

وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان (جی بی) انتخابات میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کلین سوئپ کا دعویٰ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نے معاشی ٹیم اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ سوات اور حافظ آباد کے جلسوں سے ثابت ہوچکا ہمیں عوام کا اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی۔

عمران خان نے معاشی ٹیم اور سیاسی کمیٹی کو حکومت کی معاشی کامیابیاں میڈیا پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 سال کی محنت سے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا ہے، تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری معاشی پالیسیوں کے ثمرات عوام کو منتقل ہونا شروع ہوں گے۔ اپوزیشن مہنگائی کے معاملے میں حکومت کے خلاف پراپیگنڈا کررہی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کے لیے عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ سابق حکمران جماعتوں کی غلط پالیسیوں کا نقصان آج بھی عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

عمران خان نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو بتائیں کہ گزشتہ حکومتوں نے ملکی معیشت کو کیسے نقصان پہنچایا۔