جوبائیڈن نے حدیث پڑھ کر مسلمانوں کے دل جیت لئے
- منگل 10 / نومبر / 2020
- 6060
امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں حدیث نبی اکرم ﷺسنا کر مسلمانوں کے دل جیت لیے۔ جوبائیڈن نے حدیث بیان کرتےہوئے امریکی مسلم کمیونٹی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو نصیحت کی۔
جو بائیڈن نے نبیؐ پاک کی حدیث بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ’جو تم میں سے برائی کو دیکھے تو اس کو ہاتھ سے روکنے کی کوشش کرے اور اگر اس کی طاقت نہیں رکھتا تو اس کو زبان سے روکے اور اگر اس کی طاقت بھی نہیں رکھتا تو اس کو دل سے برا جانے‘۔
جوبائیڈن کا یہ ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور مسلمان نومنتخب صدر کے اس اقدام پر انہیں سراہ رہے ہیں۔ نومنتخب صدر نے کہا کہ ہم سب کو اس طرف بڑھنا چاہیے کہ اپنی فیملی، محلے داروں، رشتہ داروں اور ملک کی بہتری کے لئے کام کریں۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ ریاست پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہوگئی جبکہ اُن کے حریف ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔