حکومت کوئی اور چلا رہا ہے، کرسی پر عمران خان بیٹھا ہے: مریم نواز
- بدھ 11 / نومبر / 2020
- 4090
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کچھ نہیں پتا کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔ حکومت کوئی اور چلا رہا ہے، صرف کرسی پر عمران خان بیٹھا ہے۔
نگر خاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نگر خاص میں جتنے کام ہوئے وہ نواز شریف اور حفیظ الرحمٰن کے پچھلے 5 سال میں ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا عمران خان جیسے چھوٹے اور ظالم شخص کے دماغ میں صرف حسد اور انتقام کا بھوت سوار ہے۔ اس نے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو انتقام کا نشانہ بنایا ہے۔ کوئی ڈرپوک ہوتا تو ایک طرف ہٹ جاتا لیکن نواز شریف نے ہر ظلم بہادروں کی طرح اپنے سینے پر سہا اور اپنی بیٹی کو جیل جاتا ہوا بھی دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو شخص بہنوں، بیٹیوں کی عزت نہ کرنا جانتا ہو، وہ آپ کے ووٹ کا حقدار نہیں ہے۔ جو شخص اپنی عزت کے لیے کھڑا نہیں ہو سکتا، اسے کچھ پتا نہیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔ یہ کتنی ڈھٹائی سے کہہ رہا ہے کہ مہنگائی تو ہے ہی نہیں اور مہنگائی تو صرف پروپیگنڈا ہے۔ یا یہ کہ مہنگائی کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے لوگ جھولیاں بھر بھر کر عمران خان اور اس کی جعلی حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ گیس، بجلی کے بل دیں، بچوں کے اسکول کی فیسیں دیں، کتابوں اور یونیفارم کا خرچہ اٹھائیں، گھر کا چولہا جلائیں یا بیماروں کی ادویات خریدیں۔
بعدازاں علی آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جو سڑکیں آج گلگت بلتستان میں بنی ہیں، 70سال میں کبھی کسی نے اس طرح کی سڑک نہیں دیکھی تھیں۔ مجھے خوشی ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے یہاں اسکول کالجز بنائے بلکہ گلگت کی پہلی یورسٹی کیمپسز کی بنیاد بھی رکھی۔ دیامر بھاشا ڈیم بھی ملا۔ آپ کے ووٹوں سے مسلم لیگ(ن) دوبارہ آئے گی اور اس الیکشن کے بعد حافظ حفیظ الرحمٰن حکومت بنا کر ان ترقیاتی کاموں کو دوبارہ شروع کریں گے۔