ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، آرمی چیف سے ملاقات

  • بدھ 11 / نومبر / 2020
  • 5410

ایران کے وزیرِ خارجہ جواد ظریف پاکستان کے دو روزہ دورے پر منگل کو پاکستان پہنچے ہیں۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے اور عالمی سطح پر کئی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغان مذاکرات، تین نومبر کو امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے بعد کی صورتِ حال اور پاکستان، ایران، ترکی اور ملائیشیا میں حالیہ قربت کے بعد اس دورے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔  ایرانی وزیرِ خارجہ نے منگل کو پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتِ حال سمیت افغان مصالحتی عمل، پاک ایران بارڈر مینیجمنٹ اور ایران سے پاک ایران سرحد سے متصل مارکیٹ کے قیام کے امور زیر بحث آئے۔ ملاقات کے دوران جنرل باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کے فروغ  سے علاقائی امن و سلامتی پر مثبت اثر ہو گا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے جواد ظریف کے دورہ پاکستان کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔