حافظ آباد: مسافر وین اور ٹرالر کے تصادم میں 8 افراد جاں بحق
- جمعرات 12 / نومبر / 2020
- 4780
حافظ آباد میں مسافر وین اور ٹرالر کے تصادم میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ پنڈی بھٹیاں روڑ پر پیش آیا جس میں 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق مسافر وین اورٹیک کرتے ہوئے ٹرالر سے ٹکرائی تھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ مسافر وین سیالکوٹ سے سرگودھا جارہی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمعٰیل خان میں سی آر بی سی کینال حادثے میں ڈوبنے والے 22 افراد کی لاشیں نکال لی گئی تھیں۔ 9 نومبر کو شاہ اجمل گاؤں سے چنگچی لوڈر پر خواتین اور بچے قریبی گاؤں سڑا گرہ میں منعقدہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ٹریفک حادثات کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس کے مطابق ہر پانچ منٹ کے دوران ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہوتا ہے یا پھر شدید زخمی ہوکر زندگی بھر کے لیے معذور ہوجاتا ہے۔
وزارت مواصلات کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں روڈ حادثے کا شکار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوجاتے ہیں۔ روڈ سیفٹی کے حوالے سے پاکستان کا شمار دنیا کے غیر محفوظ ملکوں میں ہوتا ہے۔
پاکستان میں ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ اموات مشترکہ طور پر خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ہوتی ہیں۔ دوسرے نمبر پر پنجاب اور تیسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے۔