بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کا اعلان
- ہفتہ 14 / نومبر / 2020
- 20260
سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی اس ماہ کے آخر میں ہوگی۔
آصف علی زرداری نے اپنی بیٹی کی منگنی طے ہوجانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بختاور کی منگنی کی تقریب رواں ماہ 27 نومبر کو بلاول ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔ سابق صدر نے بیٹی کا رشتہ طے ہوجانے پر شکر ادا کرتے ہوئے مختصر پیغام میں بتایا کہ ان کی صاحبزادی کی منگنی محمود چوہدری سے طے ہوئی ہے۔
بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تصدیق ہوجانے کے بعد بلاول ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں بعد بھٹو زرداری خاندان میں اہم تقریب ہوگی۔ اس لیے تمام انتظامات پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ بختاور کی منگنی صنعت کار و کاروباری شخص محمد یونس چوہدری کے صاحبزادے سے ہوگی۔
بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب منعقد کیے جانے کا دعوت نامہ بھی سامنا آ چکا ہے، جس میں تقریب کی تاریخ 27 نومبر بروز جمعہ شام 4 بجے درج ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں کون کون سی شخصیات شریک ہوں گی۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں خاندانوں کے افراد سمیت اہم سیاسی و کاروباری شخصیات بھی تقریب میں مدعو ہوں گی۔
کورونا کی وبا کے باعث خیال کیا جا رہا ہے کہ تقریب میں محدود مہمانوں کو بلایا جائے گا اور سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ بلاول ہاؤس ذرائع کے مطابق تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کو پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ بختاور بھٹو زرداری کے والد آصف علی زرداری بھی تقریب میں شامل ہوسکیں گے یا نہیں۔ کیوں کہ وہ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی بڑی صاحبزادی کی زندگی کی اہم تقریب میں شرکت کریں گے۔
بختاور بھٹو زرداری آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی ہیں تاہم وہ بلاول بھٹو زرداری سے کم عمر ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے ہاں پہلے بچے بلاول بھٹو زرداری کی پیدائش 1988 میں ہوئی تھی۔ بختاور بھٹو زرداری کی پیدائش جنوری 1990 میں ہوئی تھی۔
بختاور بھٹو زرداری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز خاتون کے ہاں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی پیدائش پر بینظیر بھٹو نے وزارت عظمیٰ سے چھٹیاں لی تھیں۔ آصف زرداری اور بے نظیر کی دوسری بیٹی آصفہ فروری 1993 میں پیدا ہوئی تھیں۔