تحریک لبیک کا فیض آباد میں دھرنا، فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ

  • سوموار 16 / نومبر / 2020
  • 6090

پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان نے فرانس میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت پر ایک بار پھر ملک کے دارالحکومت اسلام آباد کے مرکزی داخلی راستے فیض آباد پر دھرنا دے دیا ہے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کے حکومتِ پاکستان فوری طور پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرے۔  تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں نے اتوار کو راولپنڈی میں احتجاجی ریلی نکالی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور کئی مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔

اتوار کو رات گئے تحریک لبیک کے کارکن رکاوٹوں کے باوجود فیض آباد پہنچنے پر کامیاب ہو گئے اور دھرنا دے دیا۔ فیض آباد پہنچنے کے بعد مظاہرین نے اپنا مطالبہ دوہراتے ہوئے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے اور فرانس سے پاکستانی سفیر کو واپس بلانے پر اصرار کیا۔ تحریک لبیک کے دھرنے کے بعد جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان آمدورفت شدید متاثر ہو رہی ہے جب کہ کئی علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔

تحفظ ناموس رسالت کے نام سے یہ احتجاجی ریلی تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کے اعلان پر فرانس کے میگزین میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت اور فرانس کے صدر کے اسلام سے متعلق بیان کے خلاف نکالی گئی۔  خادم رضوی اس دھرنے میں تاحال شامل نہیں ہوئے تاہم تحریک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ خادم رضوی کی واضح ہدایات ہیں کہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے۔

اتوار کی سہ پہر راولپنڈی میں لیاقت باغ کے مقام پر جب کارکن جمع ہونا شروع ہوئے تو پولیس نے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی جو جھڑپوں میں بدل گئی۔ پولیس اور کارکنوں کے درمیان تصادم اور آنسو گیس کی شیلنگ کئی گھنٹے جاری رہی تاہم بارش کے باوجود پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے میں ناکام رہی۔  رات گئے مظاہرین مری روڈ سے رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے جڑواں شہروں کے سنگم فیص آباد انٹرچینج پہنچ گئے۔

خیال رہے کہ 2017 کے آخر میں تحریک لبیک نے فیض آباد انٹرچینج کے مقام پر تین ہفتے تک دھرنا دیا تھا جس سے جڑواں شہروں کے معمولات متاثر رہے۔  فیض آباد پہنچنے پر اسلام آباد کی پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کی یہ کوششیں وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ تاہم مظاہرین کی بڑی تعداد فیض آباد انٹرچینج کے مقام پر موجود ہے جنہیں ان کے قائدین لاؤڈ اسپیکر پر ہدایات دے رہے ہیں۔

لاؤڈ اسپیکر پر خطاب کرنے والے رہنما بار بار اپنے مطالبات دوہرا رہے ہیں کہ حکومت فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک واپس نہیں جائیں گے جب تک حکومت ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرتی۔  راولپنڈی پولیس نے اس ریلی کے شرکا کو جمع ہونے سے روکنے کے لیے متعدد اقدامات کیے تھے۔ شہر کے داخلی راستوں پر ناکوں کے علاوہ فیض آباد سے ملحقہ راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا تھا۔ پتھراؤ، لاٹھی چارج اور شیلنگ کے باعث متعدد کارکن اور پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

قومی ذرائع ابلاغ پر ریلی کو نہ دیکھائے جانے پر مظاہرین کی جانب سے صحافیوں کو بھی کوریج کی اجازت نہیں دی جا رہی اور بعض صحافیوں نے ہراساں کیے جانے کی شکایات بھی کی ہیں۔  اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متبادل راستوں پر ٹریفک کو منتقل کرنے کے اعلانات سامنے آئے ہیں۔ تاہم فیض آباد سے ملحقہ علاقوں کے شہری تقریباً محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔