اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے کسی دباؤ کا سامنا نہیں: دفتر خارجہ

  • منگل 17 / نومبر / 2020
  • 5000

دفتر خارجہ نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے دباؤ ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے ایسی خبر پھیالئی جارہی تھی کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے پاکستان پر امریکہ کا دباؤ ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پاکستان کے مؤقف کو واضح کیا  ہے اور کہا ہے کہ جب تک فلسطین کا منصفانہ حل نہ نکلے جس سے  فلسطینی عوام مطمئن ہوں، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ انگریزی اخبار نے خبر شائع کی تھی  جس میں وزیر اعظم کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ انہوں نے کہا تھا کہ 'امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا دباؤ غیر معمولی تھا'۔ یہ اسٹوری مشرق وسطیٰ کی خبررساں ویب سائٹ مڈل ایسٹ آئی (ایم ای ای) کے حوالے سے  شائع ہوئی تھی۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی پالیسی قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے مؤقف کی واضح  تصدیق کی ہے۔ ایسے میں بے بنیاد قیاس آرائیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جامع، پائیدار اور دیرپا امن کے لیے پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق 2 ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ رواں ہفتے ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جب تک فلسطین کے عوام کسی معاہدے پر اطمینان کا اظہار نہیں کریں گے، ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

یو اے ای اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا تھا کہ کئی ممالک سے ہمارے تعلقات اچھے ہیں اور ہم ان کو اپ سیٹ نہیں کرنا چاہتے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ اگر ہم اسرائیل کو تسلیم کرلیں تو مقبوضہ کشمیر کو بھی چھوڑنا ہوگا کیونکہ دونوں کا معاملہ یکساں ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ فلسطین کے بارے میں ہم نے اللہ کو جواب دینا ہے، میرا ضمیر کبھی بھی فلسطینیوں کو تنہا چھوڑنے پر آمادہ نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ وہ تعلقات کو معمول پر لائیں گے۔  

بعدازاں بحرین نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد سوڈان نے بھی اسرائیل کے ستاھ تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔