وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورہ پر کابل جائیں گے
- بدھ 18 / نومبر / 2020
- 5230
وزیر اعظم عمران خان، افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کل ایک روزہ دورے پر کابل روانہ ہوں گے۔ 2018 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ وزیر اعظم کا افغانستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
وزارت خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے تجارت رزاق داؤد اور دیگر اعلی عہدیدار بھی ہوں گے۔ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کی صدر اشرف غنی کے ساتھ ون آن ون ملاقات ہوگی۔ وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوگی۔
پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل، علاقائی ومعاشی ترقی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد وزیراعظم عمران خان کے دورہ افغانستان سے متعلق پہلے ہی کابل کا تین روزہ دورہ مکمل کرچکے ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ سرمایہ کاری اور تجارتی راہداری سے متعلق امور پر بات چیت کی تھی۔
رزاق داؤد نے دورے کے دوران پاکستان اور افغانستان کے مابین پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن اتھارٹی کے اجلاس میں شرکت کی جس میں راہداری معاہدے میں حائل رکاوٹوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ رواں برس جون میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی اور امن کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے افغانستان میں آن ون آن ملاقاتوں میں خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔