بلدیاتی حکومتوں کا سب سے بہترین نظام لا رہے ہیں: وزیراعظم
- بدھ 18 / نومبر / 2020
- 3570
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے بلدیاتی حکومتوں کا بہترین نظام لیا جائے گا۔
فیصل آباد میں برآمد کنندگان اور تاجر برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نظام میں ہر شہر میں انتخاب ہوگا جس میں میئر کو بھی منتخب کیا جائے گا۔ پہلے کی طرح بلاواسطہ انتخاب نہیں ہوگا کہ یونین کونسل کے انتخاب کے بعد اسے چنا جائے۔ میئر کو براہ راست منتخب کیا جائے گا جس کے بعد وہ اپنی کابینہ منتخب کرے گا جس میں ماہرین شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں ملک پر اندرونی اور بیرونی قرضہ اتنا زیادہ کبھی نہیں تھا جتنا ہیں 2018 کے پاکستان میں ملا۔ ماضی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا نے پاکستان کو دیکھ کر ترقی کی۔ پاکستان کی دنیا میں عزت تھی اور ہمارے ادارے ہماری یونیورسٹیز کو دنیا میں مانا جاتا تھا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا جائز کمائیں اور ٹیکس بھی دیں۔ چینی مافیا نے جس طرح کارٹلائزیشن کی اس کے خلاف کام کرنا چاہیے۔ تاہم جائز طریقے سے نفع بنے گا تو مزید سرمایہ کاری ہوگی۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان صنعت کاری کی جانب جائے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ برآمد کنندگان کو حکومت نے جو سہولیات دیں اس کا نتیجہ سامنے آیا ہے اور ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس میں مزید اضافہ ہو۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے ہمیں ٹیکسٹائل کے ہنر کے لیے ادارے بنانے ہیں کیونکہ اس کی بھی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ سرمایہ کار بڑھ چڑھ کر سرمایہ کاری کریں۔ یہ ایسی حکومت ہے جس سے آپ کو ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ نہ کوئی پالیسی میں تبدیلی آئے گی اور آپ پر دباؤ آئے گا۔ ہماری پالیسی ہے کہ ہم آپ کو سہولیات دیں گے، آسانیاں پیدا کریں۔