امریکہ میں کورونا وائرس سے اموات اڑھائی لاکھ سے بڑھ گئیں

  • جمعرات 19 / نومبر / 2020
  • 5770

دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں امریکہ میں کووڈ 19 کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد اڑھائی لاکھ تک پہنچ گئی ہے جو دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔

امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے مطابق ملک میں وائرس سے مجموعی طور پر 250029 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 11.5 ملین سے زیادہ متاثرین سامنے آ چکے ہیں۔ امریکہ کے ادارہ وبائی امراض کے اعلیٰ اہلکار ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا  کہ ملک بہت سنگین وقت کے دوران غلط سمت میں جا رہا تھا۔ کیونکہ سرد موسم میں لوگ گھروں میں اکٹھا ہو رہے ہیں۔

امریکہ میں موسم بہار کے دوران کورونا کی وبا کے مرکز نیویارک میں متاثرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر جمعرات سے سکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے اور وائرس کے مثبت آنے کی شرح تین فیصد سے بڑھ جانے کے باعث سرکاری سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے تقریباً تین لاکھ بچوں پر اثر پڑے گا۔

بی بی سی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ڈاکٹر اینتھونی فاوچی نے خبردار کیا کہ ملک میں کورونا کے دوسری لہر سے ملک میں اموات میں اضافے کا خطرہ ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ  صورتحال بہت سنگین ہے کیونکہ اشارے درست نہیں ہیں۔  ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لوگ اب کورونا کی پابندیوں سے اکتا چکے ہیں اور انہیں کووڈ 19 کی تھکان ہو چکی ہے۔

انہوں نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ بس کچھ دیر اور انتظار کر لیں کیونکہ جلد ہی ویکسین دستیاب ہو گی۔

پاکستان میں بھی کورونا کی دوسری لہر مین شدت آئی ہے۔ موسم سرما کے آغاز سے ہی ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد میں ایک دم کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان کے کورونا سے متعلق ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2547 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 18 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.9 فیصد رہی جب کہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 4 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 7248 ہو گئی ہے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 65 ہزار 927 تک جا پہنچی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن 22 نومبر (اتوار) کی رات 12 بجے سے چھ دسمبر کو دن 12 بجے تک لگایا جائے گا جبکہ پہلے کی طرح پبلک ٹرانسپورٹ کو سٹینڈرز آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ چلانے کی اجازت ہوگی۔

اس دوران سیاحوں کو بھی خطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔