دو برس میں کرپشن کی 11 ہزار سے زائد شکایتیں موصول ہوئیں: عثمان بزدار
- جمعرات 19 / نومبر / 2020
- 5250
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن مہم نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے۔ بڑے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے اور گزشتہ 2 برس کے دوران 11 ہزار 50 شکایت موصول ہوئی ہیں۔
لاہور میں مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمارے ناقدین جو کہتے ہیں کہ تبدیلی نہیں، میں انہیں کہتا ہوں کہ پنجاب بدل کر رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے 11 ہزار سے زائد شکایتوں کے خلاف انکوائریز کا آغاز کیا گیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران اینٹی کرپشن انکوائریز کی مد میں 3 ہزار 185 کیسز درج کیےگئے۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے 3 ہزار 904 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ہمارے 27 ماہ کے دوران ملزمان سے ریکوری کی شرح 532 فیصد زائد رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران 43 کروڑ روپے جبکہ محض 27 ماہ میں 2 ارب 30 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی۔
عثمان بزدار نے بتایا کہ سرکاری زمین واگزار کرنے کی شرح گزشتہ 10 برس کے مقابلے میں 6 ہزار 172 فیصد زیادہ رہی۔ گزشتہ 10 برس کے دوران 2 ارب 65 کروڑ روپے جبکہ ہمارے 27 ماہ کے دور میں 181 ارب روپے سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔
عثمان بزدار نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے حوالے سے کہا کہ قبضہ مافیا کی سر پرستی میں سیاسی اور بااثر افراد شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ حاصل کردہ تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے۔ یہی ہی ہمارا منشور ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اینٹی کرپشن کی مہم پہلے سے زیادہ زور و شور سے جاری رہے گی۔
اس موقع پر مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ صوبے ایک ادارے میں سے سیاسی اثر و رسوخ ختم کرنے سے نتائج ہمارے سامنے ہیں اور یہ کوئی سیاسی بیانیہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی پر صحافی یا اسکول ٹیچر کا قبضہ نہیں تھا بلکہ ان پر قبضہ کرنے والوں میں اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات تھیں۔