تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے

  • جمعرات 19 / نومبر / 2020
  • 10370

تحریک لبیک پاکستان  کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی 54 برس کی عمر میں لاہور کے مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی کو چند دن سے بخار تھا اور انہیں لاہور کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ان کی میت رہائش گاہ منتقل کی جارہی ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر آصف جلالی نے خادم حسین رضوی کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم حسین رضوی چوک یتیم خانہ لاہور میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔

تحریک لبیک یارسول اللہ کے سینیئر رہنما پیر اعجاز اشرفی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نماز جنازہ کے حوالے سے اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے ٹی ایل پی کے سربراہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ایک قابل احترام مذہبی اسکالر اور پیغمبر آخرالزمان ﷺ کے سچے عاشق سے محروم ہوگیا‘۔ نورالحق قادری نے کہا کہ اسلام کے لیے علامہ خادم حسین رضوی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ خادم حسین رضوی رواں ہفتے راولپنڈی کے علاقے فیض آباد میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہونے والے احتجاجی دھرنے میں بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی سربراہی میں مذاکراتی ٹیم نے ٹی ایل پی کے سربراہ علامہ خادم رضوی سے مذاکرات کیے تھے جس میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ، کمشنر اسلام آباد عامر احمد اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور سیکریٹری داخلہ بھی مذاکراتی ٹیم میں شامل تھے۔

راولپنڈی میں منعقدہ احتجاجی ریلی میں 5 ہزار افراد نے شرکت کی تھی اور ریلی کے شرکا نے روڈ بلاک کردیا جس کے باعث لوگوں کو دارالحکومت میں داخل ہونے میں دشواری کا سامنا رہا تھا۔ اس سے قبل 12 نومبر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر اور احتجاجی مظاہروں میں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں خادم حسین رضوی سمیت 26 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تھی۔

خادم حسین رضوی 22 جون 1966 کو پنجاب کے ضلع اٹک میں نکہ توت میں اجی لعل خان کے ہاں پیدا ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنی ابتدائی زندگی کے بارے میں اپنے قریبی لوگوں کو بھی زیادہ نہیں بتایا۔ انہوں نے جہلم و دینہ کے مدارس سے حفظ و تجوید کی تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد لاہور میں جامعہ نظامیہ رضویہ سے درس نظامی کی تکمیل کی۔

علامہ خادم حسین رضوی حافظ قرآن اور شیخ الحدیث تھے اور لاہور میں داتا دربار کے قریب پیر مکی مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کرتے تھے۔ وہ 2006 میں گجرانوالہ کے قریب ایک حادثے کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد سے وہ وہیل چیئر پر تھے۔   وہ مشہور اسلامی اسکالر امام احمد رضا خان بریلوی کے پیرو کار تھے۔