کورونا کی وجہ سے پاکستان میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

  • سوموار 23 / نومبر / 2020
  • 4880

ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافے کی وجہ سے حکومت نے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران گھروں سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں نئے حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا۔ فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد سے زائد دیکھی گئی۔ اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ  26  نومبر سے 24 دسمبر تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

اس عرصے میں گھروں سے تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اساتذہ کو اسکولز بلانے کی اجازت ہوگی۔ جہاں آن لائن کی سہولت جہاں موجود نہیں وہاں اساتذہ ہوم ورک فراہم کریں گے۔ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔ اس وقت تعلیمی ادارے کھولنے کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں 26 نومبر سے ملک کے تمام تعلیمی ادارے اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشن سینٹرز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوشش کی جائے گی کہ گھروں میں تعلیم کا سلسلہ جاری رہے لیکن طلبہ کی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے اندر کوئی کلاسز نہیں ہوں گی۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 11 جنوری کو حالات کی بہتری پر تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے جائیں گے تاہم جنوری کے پہلے ہفتے میں ایک جائزہ اجلاس ہوگا۔ دسمبر کے دوران ہونے والے امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے اور اب یہ 15 جنوری اور اس کے بعد ہوں گے۔ تاہم اس میں کچھ ایسے امتحانات ہیں جو جاری رہیں گے۔