مغرب آزادی اظہار رائے کے نام پر منافقت اور تکبر سے کام لے رہا ہے: شیریں مزاری
- سوموار 23 / نومبر / 2020
- 5140
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مغرب آزادی اظہار رائے کے نام پر منافقت اور تکبر سے کام لے رہا ہے۔ فرانسیسی صدر کے بارے میں ٹوئٹ پر انہیں توہین محسوس ہوتی ہے جبکہ پیغمبر اسلام ﷺ پر توہین آمیز حملوں کو اظہار رائے کی آزادی کہا جاتا ہے۔
عرب نیوزکو ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سے توقع کی جاتی ہے کہ ہم آزادی اظہار رائے کا احترام کریں۔ تو فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون سے متعلق بیان کے وقت آزادی اظہار رائے کہاں چلی گئی؟ یہ ستم ظریفی اور منافقت ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ مغرب کا تکبر ہے۔
خیال رہے کہ فرانس میں مسلمان بچوں کے لیے خصوصی طور پر ’شناختی نمبر‘ الاٹ کرنے کے اقدام سے متعلق ایک خبر پر انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے کہا تھا کہ ’ایمانوئیل میکرون مسلمانوں کے ساتھ وہی سلوک کر رہے ہیں جو نازیوں نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔ جس میں نازی جرمنی میں یہودیوں کو شناخت کے لیے اپنے لباس پر پیلے رنگ کا ستارہ پہننے پر مجبور کیا گیا تھا‘۔
فرانس کے وزیر خارجہ ایگنس وان ڈیر محل نے شیریں مزاری کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا تھاکہ یہ نفرت انگیز الفاظ صریح جھوٹ پر مبنی ہیں۔ نفرت اور تشدد کے نظریات سے لبریز ہیں۔ شیریں مزاری نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ فرانسیسی سفیر نے مجھے پیغام بھیجا ہے کہ جس مضمون کا حوالہ دے کر آپ نے نازیوں اور یہودیوں والی بات کہی دراصل اس میں معلومات غلط تھیں۔ اس لیے میں اپنی پہلی والی ٹوئٹ حذف کردی۔
تنازع کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے جس آرٹیکل سے خبر پڑھی جب اس سورس نے معافی مانگ لی اور کہا کہ خبر غلط تھی تو مجھے اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنی پڑی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ میں نے فرانس سے معافی مانگی ہے اور نہ میرا ارادہ ہے جبکہ معافی مانگنے کی کوئی وجہ بھی نہیں ہے۔ میں نے خبر پڑھ کر اس پر اپنا تجزیہ دیا تھا جب وہ خبر واپس ہوگئی تو میں نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی ۔ جبکہ فرانس اور دیگر کئی جگہ پر کہا جا رہا ہے کہ فرانس نے معافی قبول کر لی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فرانسیسی صدر کو توہین محسوس ہوئی ہے کیونکہ میں نے ان کا موازنہ نازیوں سے کیا۔ ہاں یہ حساس معاملہ ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ مسلمانوں کو توہین محسوس نہیں ہوتی جب وہ ہمارے پیغمبر ﷺ پر حملہ کرتے ہیں۔ ان کی شان میں گستاخی کرتے ہیں، قرآن کو نذر آتش کرتے ہیں تو ہمیں غصہ نہ آئے؟ شیریں مزاری نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ آئی ہے کہ فرانس میں آزادی اظہار رائے محدود ہے۔ اس لئے اظہار رائے کی آزادی پر بہت سے سوالات اٹھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ایک مسئلہ یہ بھی اٹھایا تھا کہ آپ کی راہبائیں اپنا مذہبی لباس ہر جگہ پہنتی ہیں۔ عوامی مقامات، بینکوں میں اسی لباس میں جاتی ہیں۔ جبکہ مسلمان عورت کو عوامی مقامات پر حجاب پہننے پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔ یہ کون سی آزادی ہے؟ کیا یہ مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہے؟ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فرانس میں ایک اور قانون بنایا گیا ہے جس کا نوٹس میڈیا نے نہیں لیا۔ اس قانون کے تحت کسی شہری کی جانب سے جنس کی بنیاد پر ڈاکٹر سے علاج کروانے سے انکار کرنا جرم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر غور سے دیکھا جائے تو یہ قانون مسلمان خواتین کے خلاف ہے۔ کیوں کہ مسلمان خواتین مرد ڈاکٹرز کے ساتھ اچھا محسوس نہیں کرتیں۔ خاص طور گائنی کے حوالے سے یہ حساس معاملہ ہے لہٰذا اس پر غور کرنا چاہیے کہ ایسا قانون بنانے کی کیا وجہ تھی جس میں خاص طور پر مسلمان خواتین ہدف بنیں۔