ریپ کے خلاف نیا قانون بنایا جائے گا: شبلی فراز

  • منگل 24 / نومبر / 2020
  • 5410

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین کے ساتھ ریپ کے واقعات کی ایک لہر اٹھی ہے اور وفاقی کابینہ نے ریپ کے واقعات کی روک تھام پر غور کیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد دیگر وزرا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ ریپ اور گینگ ریپ کے ملزمان کو اکثر رہائی مل جاتی ہے تاہم وزیر اعظم نے سخت سے سخت قانون کے اطلاق کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ریپ کے ملزمان کے خلاف سخت سزاؤں کے آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے۔  شبلی فراز نے کہا کہ امید ہے کہ ریپ کے ملزمان کے خلاف قانون کا مسودہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے خواتین اور بچوں کے ساتھ ریپ کے مجرموں کو جلد اور سخت سزائیں دلوانے سے متعلق قانون کے بارے میں کہا ہے کہ خصوصی عدالتوں کے قیام کے ساتھ مقررہ وقت میں ریپ کیس کا فیصلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے اردو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس نئے قانون کی رو سے متاثرہ اور گواہوں کو مکمل تحفظ بھی حاصل ہوگا۔  شیریں مزاری نے امید ظاہر کی کہ وہ ریپ سے متعلق منظور ہونے والا قانون موثر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں وزیراعظم عمران خان نے وزارت قانون کو نیا قانون بنانے کی ہدایت کی تھی اور اب قانون کے مسودے کو حتمی شکل دی جاری ہے۔