شہباز شریف، حمزہ شہباز کو پانچ روز کے لئے پیرول پر رہا کرنے کا فیصلہ

  • منگل 24 / نومبر / 2020
  • 5410

پنجاب کی صوبائی کابینہ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی پیرول پر 5 روز کی رہائی کی منظوری  دی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی وفات پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہائی کی منظوری دی ہے۔  پیرول پر رہائی کاآغاز اس روز سے ہوگا جب میت پاکستان پہنچے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست لاہور کے ڈپٹی کمشنر کو جمع کرائی تھی۔  پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے صوبائی وزرا سے سرکولیشن کے ذریعے 5 روز کی پیرول کے لیے منظوری مانگی تھی۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی والدہ شمیم اختر 22 نومبر کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں. وہ 15 فروری 2020 کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ہارٹ سرجری کے پیش نظر اپنے بیٹے سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوئی تھیں۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا تھا کہ نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن اور حسین اور سمدھی اسحٰق ڈار کے پاکستان آنے اور بیگم شمیم اختر کے نماز جنازہ میں شرکت پر کوئی قدغن نہیں ہے۔