ہرقیمت پر قومی سلامتی کا تحفظ کیا جائے گا: آرمی چیف

  • منگل 24 / نومبر / 2020
  • 8960

پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس نے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے شہریوں کو بچانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ اجلسا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں ہؤا۔

اکانفرنس میں جیو اسٹراٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بھارتی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے داخلی و بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تبادلہ خیال اور افغان امن عمل میں مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بھارتی کوششوں کے ناقابل تردید شواہد پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے کسی بھی مس ایڈونچر کےخلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  شرکا نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بھارتی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک  چین اقتصادی راہداری کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں خطے کے امن و سلامتی پر حملہ ہیں۔

کانفرنس میں بھارتی افواج کی سیز فائر کی حالیہ خلاف ورزیوں میں اضافے پر بھی غور کیا گیا اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایل او سی پر معصوم شہریوں کو بچانے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے کا عزم کیا گیا۔ شرکا نے کسی بھی مس ایڈونچر کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔

فورم نے کووڈ-19 کی صورتحال اور وبائی مرض کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا۔ آرمی چیف نے خصوصی طور پر تمام کمانڈرز کو قومی کوششوں کی حمایت کے لیے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان چیلنجز کو پاکستانی عوام کے استحکام، خوشحالی کے مواقع میں تبدیل کریں۔