پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری احمد مختار انتقال کرگئے

  • بدھ 25 / نومبر / 2020
  • 7740

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار 74 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔

چوہدری مختار کئی روز سے علیل تھے۔ آج حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔ رواں ماہ کے آغاز میں چوہدری احمد مختار کو الزائمر کی وجہ سے شالیمار ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ کچھ عرصے قبل ہی ان کی امریکا میں سرجری ہوئی تھی۔ اس وقت ان کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ وہ نمونیا کا شکار تھے لیکن ان کی حالت بہتر تھی۔

چوہدری احمد مختار سابقہ ادوار میں دفاع، پانی و بجلی کے وزیر بھی رہے جبکہ وہ پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے عہدے پر بھی فرائض انجام دیتے رہے۔ وہ 22 جون 1946 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے امریکی ریاست کیلیفورنیا سے آپریشنل منیجمنٹ میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی تھی جبکہ انہوں نے مغربی جرمنی سے پلاسٹک ٹیکنالوجی میں ڈپلوما بھی لیا تھا۔

پیشے کے اعتبار سے کاروباری شخصیت چوہدری احمد مختار نے 1990 میں سیاست میں قدم رکھا اور پیپلزپارٹی کے رکن بنے، جس کے بعد وہ 1993 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں 1996 تک وہ وزیر تجارت رہے۔ بعد ازاں 2008 میں وہ وزیر دفاع کے منصب پر فائز ہوئے، جس کے بعد انہیں وزارت پانی و بجلی کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا۔

سینئر سیاست دان کے انتقال پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے تعزیتی پیغامات جاری کئے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر چوہدری احمد مختار کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری احمد مختار ایک ثابت قدم و تجربہ کار رہنما اور پارٹی کا سرمایہ تھے۔ ان کے انتقال پر بہت غمزہ ہوں، ہم ان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کریں گے۔

بلاول بھٹو نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی چوہدری احمد مختار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے پارٹی کے لیے چوہدری مختار کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن احمد مختار کے انتقال پر غمزدہ ہیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ چوہدری احمد مختار باہمت ،بہادر اور وفادار ساتھی تھے۔