پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر، ایک روز میں 3 ہزار سے زائد کیسز، 59 اموات
- بدھ 25 / نومبر / 2020
- 6640
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ایک مرتبہ پھر خراب ہورہی ہے۔ قواعدپر عمل نہ ہونے سے دوسری لہر میں تیزی آگئی ہے۔ جولائی کے بعد پہلی مرتبہ ایک روز میں کیسز کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
حکام خبردار کرچکے ہیں کہ اگر کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے احتیاط نہیں کی گئی تو اگلے دو ہفتوں میں حالات زیادہ خراب ہوسکتے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 ہے۔ اموات کی تعداد 7 ہزار 803 تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 9 کیسز اور 59 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔ فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار 115 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ کچھ روز میں کیسز اور اموات کی تعداد میں کافی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے جون تک وبا کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی گئی تھی۔ تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی تھی اور یہ سلسلہ ستمبر کے اوائل تک جاری رہا تھا۔ ستمبر کے وسط سے ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور اکتوبر میں اس میں مزید تیزی آگئی۔
25 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ صوبہ سندھ میں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 382 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 33 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 648 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 786 ہوگئی۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 382 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 45 ہزار 314 ہوگئی۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور اس طرح مجموعی تعداد 164 تک جاپہنچی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 424 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہزار 979 ہوگئی۔ دارالحکومت میں کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 291 ہوگئی۔