فوج کے6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا

  • بدھ 25 / نومبر / 2020
  • 8100

پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر افسران کی ترقی، تبادلے اور تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ اور 6 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ فوج میں 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والوں میں میجر جنرل اختر نواز، میجر جنرل سردار حسن اظہر حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل سلمان فیاض غنی، میجر جنرل سرفراز علی اور میجر جنرل محمد علی شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید 2 ٹوئٹس میں پاک فوج میں ہونے والے تبادلوں اور تعیناتیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کو کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کور کمانڈر ملتان، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا کور کمانڈر بہاولپور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کمانڈر سدرن کمانڈ اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کمانڈر اے ایس ایف سی تعینات کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو انسپکٹر جنرل آرمز تعینات کردیا گیا، اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایوالوشن، لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات ملٹری سیکریٹری اور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو انسپکٹر جنرل کمیونکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی تعینات کیا گیا ہے۔

واضح رہے ترقی پانے والوں میں شامل آصف غفور پہلے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں دسمبر 2016 میں ڈی جی آئی ایس پی آر بنایا گیا تھا جس کے بعد رواں سال کے اوائل میں ان کا تبادلہ کرکے میجر جنرل بابر افتخار پاک فوج کے ترجمان مقرر ہوئے تھے۔