نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑی کورونا کا شکار

  • جمعرات 26 / نومبر / 2020
  • 5210

نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے 6اراکین کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس کے بعد قومی ٹیم کا دورہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔ نیوزی لینڈ حکام نے پاکستان کو آخری وارننگ دی ہے۔

پاکستان کی ٹیم ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ پہنچی ہے جہاں سیریز سے قبل قومی ٹیم کو دو ہفتے قرنطینہ میں رہنا ہے۔  دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی گروپ کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف سمیت 50 سے زائد اراکین پر مشتمل ہے۔

نیوزی لینڈ پہنچنے پر پاکستانی ٹیم اسکواڈ کے ٹیسٹ کیے گئے اور وہاں چھ اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ جن چھ اراکین کے کیسز مثبت آئے ہیں ان میں سے دو کے کیسز کو پرانا قرار دیا جا رہا ہے اور وہ پہلے سے ہی اس بیماری کا شکار تھے جبکہ چار اراکین حال ہی میں وائرس کی زد میں آئے۔ ان چھ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے اور بقیہ اسکواڈ سے الگ کردیا گیا ہے۔

ان اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب آئسولیشن میں قومی ٹیم کو ٹریننگ کے لیے دیا گیا استثنیٰ واپس لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش تک پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ نیوزی لینڈ نے قرنطینہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ جاری کی ہے اور کہا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

صحت کے ڈائریکٹر جنرل ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا کہ نیوزی لینڈ آ کر کھیلنا اعزاز کی بات ہے لیکن ٹیموں کو کورونا وائرس کے قوانین کا احترام اور ان کی پاسداری کرنی چاہیے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے دستے اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

بلوم فیلڈ نے کہا کہ سی سی ٹی وی سے ظاہر ہوتا ہے کہ دورہ کرنے والی ٹیم نے سماجی فاصلوں کے اصول کی خلاف ورزی کی اور مجموعی طور پر پوری ٹیم کو فائنل وارننگ جار کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قواعد اور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کے تمام واقعات سہولت کے اندر ہوئے اور عوام کی صحت کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہؤا۔

یاد رہے کہ لاہور سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ اور مینجمنٹ کے چار مرتبہ کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے تھے اور چاروں مرتبہ یہ ٹیسٹ منفی آئے تھے جس کے بعد اسکواڈ کو روانہ ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔

اوپننگ بلے باز فخر زمان کی طبیعت ناساز اور ان میں علامات ظاہر ہونے کے بعد اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا اور وہ ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوئے۔