چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
- جمعرات 26 / نومبر / 2020
- 5210
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا اور مجھے معمولی علامات ہیں جس پر میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ میں گھر سے کام کا سلسلہ جاری رکھوں گا اور پی پی پی کے یوم تاسیس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کروں گا۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لوگوں کو ماسک پہننے کی تلقین بھی کی اور کہا کہ میں آپ کا منتظر ہوں گا۔ یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ ایک ایسے وقت میں مثبت آیا جب ایک روز بعد ان کی بہن بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ہورہی ہے۔
بلاول ہاؤس میں ہونے والی منگنی کی تقریب کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کے لیے پہلے کورونا ٹیسٹ لازمی ہے۔ اطلاعات تھیں کہ 2 روز قبل بلاول بھٹو زرداری کے مشیر جمیل سومرو کورونا کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی آرہی ہے۔ اس سلسلے میں ملک میں نہ صرف تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر بند کیا گیا ہے بلکہ صوبائی حکومتوں نے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپناتے ہوئے مختلف پابندیاں عائد کی ہیں۔