پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 45 ہزار سے بڑھ گئی

  • جمعہ 27 / نومبر / 2020
  • 5150

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آگئی ہے اور ملک بھر کے ہسپتالوں میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے لیے مختص گنجائش کم ہورہی ہے۔

ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 89 ہزار 311 ہے۔ جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 897 تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 113 کیسز اور 54 اموات کا اضافہ ہوا۔ ایک ہزار 489 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 45 ہزار 533 تک پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گیا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

ملک میں اس وقت کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار 402 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار 783 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 654 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 160 ہوگئی۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 453 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 46 ہزار 281 ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 425 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار 980 ہوگئی۔