شاہ محمود قریشی نے امارات کے وزیر خارجہ سے ویزوں کا مسئلہ اٹھایا
- ہفتہ 28 / نومبر / 2020
- 6630
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اماراتی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ویزے کے حوالے سے پاکستانی شہریوں کو درپیش مشکلات پر بات کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائیجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یو اے ای کے وزیر مملکت ریم الہاشمی سے ملاقات کی جس میں اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دفتر خارجہ نے گزشتہ ہفتے تصدیق کی تھی کہ یو اے ای نے دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے شہریوں کے لیے بھی ویزے کا اجرا روک دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد بظاہر کورونا وائرس کی وبا معلوم ہوتی ہے لیکن وہ اس حوالے سے اماراتی حکام سے مزید وضاحت مانگیں گے۔ اماراتی وزیر کے ساتھ ملاقات میں وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات اور عوام کے درمیان رابطوں کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعاون، کووِڈ 19 کی صورتحال، ایکسپو میں پاکستان کی شرکت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی کے بیان کو سراہتے ہوئے اماراتی وزیر نے پاکستان کی جانب سے اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قرار داد کی تجویز کو سرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق فریقین نے او آئی سی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امت مسلمہ کے لیے متحدہ اور بنیادی پلیٹ فارم کی حیثیت سے اس کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں عہدیداروں نے دو طرفہ تعاون میں مزید تیزی لانے کے لیے اعلی سطح پر باہمی تبادلوں میں اضافے پر اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان، افغانستان اور دیگر مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کو نئے ویزا کے اجرا کا عمل سیکیورٹی خدشات کے باعث عارضی طور پر روک دیا ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ یہ سیکیورٹی خدشات کس نوعیت کے ہیں۔ البتہ یہ کہا گیا تھا کہ یہ پابندی مختصر عرصے کے لیے ہے۔