اپوزیشن قیادت کا عوام کے مسائل اور جمہوری جد و جہد سے کوئی تعلق نہیں: وزیر اعظم
- اتوار 29 / نومبر / 2020
- 4170
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران ہمارا مقابلہ ایک ایسی سیاسی قیادت سے ہے جس نے کبھی جمہوری جدوجہد سے نہیں کی۔
ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہےکہ پاکستان میں کووڈ 19 کے دوران ہمارا مقابلہ ایک ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کبھی سیاسی جدوجہد سے نہیں گزری، نہ کبھی کسی عام شہری کو درپیش مشکلات کے لیے کام کیا۔ اور نہ ہی عام شہریوں کی بہتری کے لیے کوئی اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ان رہنماؤں کو نہ صرف عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی ہے بلکہ ان کے خاندانوں نے قومی دولت لوٹ کر عوام کو مزید غریب کیا ہے۔ یہ ’رہنما‘ اپنی ویران حویلیوں میں شاہانہ طرز کی زندگیاں گزار رہے ہیں او انہیں یہ پوزیشن اپنے خاندانوں کی وجہ سے وراثت میں ملی ہے۔
عمران خان نے لکھا کہ اب ان لیڈروں کا واحد مقصد اپنے خاندانوں کی لوٹی ہوئی دولت اور کرپشن کو بچانا ہے جس کا یہ بنیادی حصہ ہیں۔ یہ سب کچھ ان کی سیاست ہے اور انہیں عام شہریوں کی زندگیوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ این آر او حاصل کرنے کی تڑپ میں یہ کوئی بھی راستہ اپنا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم نے اپنے غریبوں اور معیشت کو مکمل تباہی سے بچانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا تھا تو ان رہنماؤں نے اس کی مخالفت کی تھی اور مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن اب نئی لہر کے دوران جب ہمیں دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے تو یہ لوگ لوگوں کی زندگیوں اور تحفظ کا خیال کیے بغیر جلسے کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ این آر او حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا ان کا یہ آخری حربہ ہے لیکن این آر او کبھی نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ملتان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے پر سیاسی ماحول گرم ہے۔ حکومت کی جانب سے اس جلسے کی اجازت نہیں دی گئی لیکن اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ وہ ہر حال میں نومبر کو ملتان میں جلسہ کرے گی۔