شیخوپورہ میں بس اور وین کا تصادم، 13 افراد جھلس کر جاں بحق

  • سوموار 30 / نومبر / 2020
  • 5770

ضلع شیخوپورہ میں بس اور مسافر وین کے تصادم میں آتشزدگی سے 13 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع اور حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں تباہ ہو گئیں جبکہ اس میں موجود مسافروں کی لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔ ریسکیو 1122 کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ، نارنگ منڈی میں نارووال روڈ پر اس وقت پیش آیا جب نارووال سے لاہور جانے والی تیزرفتار بس مخالف سمت سے لاہور سے آنے والی ایک وین سے ٹکرا گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ حادثہ علاقے میں دھند کی وجہ سے پیش آیا۔  تصادم کے بعد وین میں نصب ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے چند لمحوں میں آگ نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں وین میں سوار 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔ آگ لگنے سے قبل بس میں سوار مسافر اترنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو سروسز نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور تباہ شدہ وین سے لاشوں کو باہر نکالا۔  زخمیوں کو نارنگ منڈی رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد لاہور کے میو ہسپتال لے جایا گیا۔  حادثے میں جاں بحق متعدد افراد کی لاشوں کی شناخت ابھی نہیں کی جاسکی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے 7 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو لاہور میں شادی میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے اموات اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میران شاہ دربار کے قریب پیش آنے والا حادثہ بظاہر تیز رفتاری کی وجہ سے ہؤا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوتے ہیں۔