پابندی کے باوجود لاہور میں اپوزیشن کا جلسہ نہیں روکیں گے: شبلی فراز
- منگل 01 / دسمبر / 2020
- 4350
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ لاہور میں جلسے پر بدستور پابندی ہے لیکن روکا نہیں جائے گا۔ البتہ خلاف ورزی کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ملتان جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے شہرت کا طریقہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تقاریر میں بہتری کی کوئی بات نہیں تھی اور نہ ہی کسی غریب کے لیے پروگرام کا ذکرتھا۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ذاتی مفاد کے لئے میدان میں نکلی ہے تاکہ اپنے خاندان کی غیر قانونی دولت بچانے کے لئے ناٹک کیا جاسکے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو جلسے اور جلوس سے پریشان نہیں ہے۔ کیونکہ ہم سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جلسے یا جلوس کی مخالفت کرنا اور پابندی لگانے کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ وبا آئی ہوئی ہے اور کئی ممالک نے لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہسپتالوں میں محدود گنجائش ہے حالانکہ ہم نے پہلی لہر کے بعد طبی آلات، ہسپتال اور دیگر تمام انتظامات مناسب سطح پر لے آئے لیکن ہم 22 کروڑ آبادی کا ملک ہیں۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اگر ایس او پیز کی اسی طرح خلاف ورزی جاری رہی، جس کا مظاہرہ اپوزیشن کر رہی ہے تو ایسے میں بڑا مشکل ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ خود کو سیاسی قائدین کہتے ہیں تو پھر جان بوجھ کر لوگوں کو خطرے میں ڈالنا کہاں کی منطق ہے۔ جس طرح گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی گئی اور شہر کو اکھاڑا بنایا گیا، اس سے جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہمیں لوگوں کے وبا کا شکار ہونے کی زیادہ فکر ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ یہ فساد کرے کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ بڑی مشکل سے معیشت بحال ہورہی ہے۔ صنعتیں کھل رہی ہیں اور روزگار بحال ہو رہا ہے۔ ایسے موقع پر وبا کو پھیلانا نہ تو معیشت کے حق ہے اور نہ ہی ہمارا نظام صحت اس کا متحمل ہوسکتا ہے۔