برطانوی حکومت نے کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی

  • بدھ 02 / دسمبر / 2020
  • 4580

برطانوی حکومت نے گزشتہ ماہ تیار ہونے والی دنیا کی پہلی کورونا ویکسین کے عام استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

اس طرح برطانیہ وہ پہلا ملک بن گیا ہے جہاں فائزر اور بائیو این ٹیک کمپنیوں کی تیار کی ہوئی ویکسین لوگوں کو لگائی جائے گی۔ برطانوی حکومت نے ویکسین کو استعمال کرنے کی  ہنگامی بنیادوں پر اجازت دی ہے۔

برطانیہ میں اب  ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوجائے گا۔  فائزر اور بائیو این ٹیک نے گزشتہ ماہ 10 نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تیار کردہ ویکسین بیماری سے تحفظ کے لیے 90 فیصد سے زیادہ مؤثر ہے۔ اسی ویکسین کے آخری مرحلے کے حتمی نتائج 19 نومبر کو جاری کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ ویکسین کورونا سے تحفظ کے لیے 59 فیصد سے زیادہ مؤثر ہے۔

برطانوی میڈیا نے بتایا ہے کہ حکومت نے انگلینڈ کے ہسپتالوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ آئندہ ہفتے سے کورونا ویکسین کو سب سے پہلے طبی رضاکاروں پر استعمال کیا جائے۔ برطانوی حکومت نے کمپنی کو 4 کروڑ ویکسینز کا آرڈر دے رکھا ہے جو 2 کروڑ افراد کو لگائی جائیں گی۔ ویکسین کے دو ڈوز ایک شخص کو لگائے جائیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آئندہ ہفتے تک ویکسین تیار کرنے والی کمپنیاں برطانیہ کو کتنے ڈوز فراہم کریں گی تاہم کورونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک کے مطابق وہ رواں ہفتے کے اختتام تک برطانیہ کو ویکسین کی محدود تعداد فراہم کردیں گی۔ جلد ہی امریکا کی ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی بھی ان کی ویکسین سے متعلق فیصلہ سنائے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ برطانیہ کے بعد یورپی یونین اور امریکا بھی ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دیں گے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ 2021 کے وسط تک امریکا، برطانیہ و یورپ سمیت کچھ ایشیائی ممالک کو بھی ویکسین مل سکے گی۔