پاکستان میں عوام کو کورونا ویکسین مفت فراہم کی جائے گی

  • بدھ 02 / دسمبر / 2020
  • 6940

پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے بتایا ہے کہ حکومت نے عوام کو کورونا وائرس ویکسین بالکل مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کورونا وائرس کی ویکسین کو 3 طریقے سے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے امریکا کی 2 کمپنیاں فائزر اور میڈرنا کمپنیوں سے امید ہے کہ وہ دسمبر میں اپنی ریگولیٹری اتھارٹی سے منظوری لے لیں گی۔ اس کے علاوہ 4 سے 5 کمپنیاں بھی حتمی مراحل میں ہیں اور ہماری ان سے بات چیت جاری ہے۔

نوشین حامد کا کہنا تھا کہ کچھ ویکسین کو ایک انتہائی منفی درجہ حرارت پر رکھنا پڑتا ہے اور ان کی نقل و حمل اور صارف تک پہنچانے کے دوران اس کو ٹھنڈا رکھنے کی ضرورت کو پورا کرنا پڑے گا کیونکہ اس کے بغیر یہ ویکسین مؤثر نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا میں ایک دوڑ لگی ہوئی ہے اور مالدار ممالک نے ویکسین کے حصول کے لیے ایڈوانس بکنگ کروائی ہوئی ہے۔ لہٰذا یہ سب صورتحال دیکھی جارہی ہے کہ کون سی ویکسین جلدی اور آسانی سے پاکستان پہنچ سکے گی۔

ایک سوال کے جواب میں نوشین حامد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کینسی نو بائیو کے ٹرائل جاری ہیں اور یہ چینی ویکسین ہے جو تیسرے مرحلے کے ٹرائل میں ہے۔ جیسے ہی یہ ٹرائل اور اس کے ٹیسٹ مکمل ہوتے ہیں تو چین یہ ویکسین ہمیں بڑی تعداد میں فراہم کردے گا۔

امریکی ویکسین سے متعلق انہوں نے بتایا کہ اس ویکسین کی 3 یا 4 ہفتوں کے فرق سے 2 شاٹس لگیں گی جبکہ چینی ویکسین کا سنگل شاٹ ہی مؤثر ہوگا اور اب تک کہ جو ٹرائل ہیں اس کے بہت حوصلہ افزا نتائج مل رہے ہیں۔ حتمی مرحلے کے لیے کچھ نمونے چین بھی بھیجے جائیں گے۔

نوشین حامد کا کہنا تھا کہ حکومت اس ویکسین کے لیے فنڈز اکٹھا کر رہی ہے، جس کی کابینہ نے بھی منظوری دے دی ہے لیکن عوام کو یہ ویکسین بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔