احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کورونا وائرس سے انتقال کر گئے

  • جمعہ 04 / دسمبر / 2020
  • 6720

سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

ارشد ملک کے بہنوئی وحید جاوید نے ان کی وفات کی تصدیق کی۔ سابق جج گزشتہ 25 روز سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ارشد ملک کی حالت گزشتہ 2 روز سے انتہائی تشویشناک تھی اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔ ارشد ملک کی نماز جنازہ  اور تدفین ان کے آبائی گاؤں میں ہوگی۔  سابق جج کے سوگواران میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ جج ارشد ملک نے 4 دسمبر 2018 کو العزیزیہ اسٹیل ملز کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ انویسٹمنٹس سے متعلق دوسرے ریفرنس میں بری کردیا تھا۔

تاہم 6 جولائی 2019 کو مریم نواز پریس کانفرنس کے دوران العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کا فیصلہ سنانے والے جج ارشد ملک کی خفیہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے جو ویڈیو چلائی تھی اس میں جج ارشد ملک، مسلم لیگ (ن) کے کارکن ناصر بٹ سے ملاقات کے دوران نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔

ویڈیو میں ارشد ملک کو اعتراف کررہے تھے کہ سابق وزیراعظم نواز کو العزیزیہ ریفرنس میں دباؤ اور بلیک میلنگ کی وجہ سے سزا سنائی اور نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔ بعد ازاں 12 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا اور خط لکھا تھا، جس پر وزارت قانون نے احتساب عدالت نمبر 2 کے جج کو مزید کام کرنے سے روک دیا تھا اور لا ڈویژن کو رپورٹ کرنے کا کہا تھا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے انہیں سیشن کورٹ لاہور میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) تعینات کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔ رواں برس 3 جولائی کو لاہور ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی نے جج ارشد ملک کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔