راولپنڈی بس اسٹینڈ کے قریب دھماکا، ایک شخص جاں بحق

  • جمعہ 04 / دسمبر / 2020
  • 8540

راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں ایک بس اسٹینڈ کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔

ریسکیو اور پولیس حکام نے دھماکے میں 45 سالہ محمد افضل خان کے جاں بحق ہونے اور 7 افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ زخمیوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ حکام کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر موجود ہیں اور واقعے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ تحقیقات کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمی رائے دی جا سکے گی۔

ابتدائی طور پر پولیس حکام نے کہا تھا کہ دھماکا ایک رکشے میں ہوا اور یہ تخریب کاری نہیں ہے بلکہ سلنڈر یا گیس جنریٹر کا دھماکا ہے۔  واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر اسے گھیرے میں لے لیا تھا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دھماکے کی نوعیت جانچنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔

اس سے قبل رواں برس 12 جون کو راولپنڈی کے علاقے صدر کینٹ کے تجارتی علاقہ کوئلہ سینٹر میں بم دھماکے میں کم از کم ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں جنوری 2015 میں امام بارگاہ عون محمد رضوی کے قریب بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔