مقامی حکومتوں کا انقلابی نظام لارہے ہیں: وزیر اعظم عمران خان
- جمعہ 04 / دسمبر / 2020
- 4710
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقامی حکومت کا ایسا نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی اور اب شہری حکومت بھی صوبوں کی طرح ہوگی۔
سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ غلاموں کے وہ حقوق نہیں ہوتے جو آزاد شہریوں کے ہوتے ہیں۔ عوام کی خدمت کرنا حکومت کا فرض ہے۔ ہمارے ملک میں بلدیاتی حکومت کا نظام ٹھیک طرح نہیں چل رہا۔ تاہم ہم نئی طرز کا بلدیاتی حکومت کا نظام لائے ہیں جس سے نچلی سطح تک فنڈز فراہم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیزن پورٹل میں سب سے بڑا مسئلہ سامنے آیا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کام نہیں کرتا لیکن اب شہری حکومت بھی صوبوں کی طرح ہوگی۔ ہم ایسا لوکل گورنمنٹ نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے سٹیزن پورٹل کا بھرپور استعمال کیا ہے۔ سندھ اور پنجاب میں ضلع کی سطح پر کرپشن سے لوگ بہت تنگ ہیں۔ کوئی اے سی، ڈی سی یا تھانے دار تنگ کرے تو لوگ سٹیزن پورٹل پر شکایت کریں۔ اب تبادلہ نہیں ہوگا بلکہ کرپٹ افسر نوکری سے نکالا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم سٹیزن پورٹل کو مزید بہتر اور مضبوط کریں گے۔ سٹیزن پورٹل سے عوام کے اختیارات بڑھیں گے۔ بیوروکریسی کا معیار اوپر جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سول سرونٹس کے لیے اصلاحات بھی لارہے ہیں۔ اداروں کی کارکردگی کا علم ہوگا تو سزا و جزا دینا آسان ہوجائے گا۔