رانا ثنا اللہ کےخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی گئیں

  • ہفتہ 05 / دسمبر / 2020
  • 5810

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے رانا ثنا اللہ اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی۔  ڈی جی نیب نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب وقاص احمد کو تحقیقات سونپ دی ہیں۔  خیال رہے کہ نیب پہلے ہی رانا ثنا اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کر رہا ہے۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت تحقیقات شروع کی گئیں۔  رانا ثنا اللہ کے خلاف 13 نومبر کو انکوائری انوسٹی گیشن میں تبدیل ہوئی جبکہ نیب حکام وقاص احمد کو انوسٹی گیشن مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔  نیب لاہور کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاچکے ہیں۔

خیال رہے کہ ستمبر میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں انہوں نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کے جوابات دیے تھے۔ رانا ثنااللہ نے متعلقہ ریکارڈ بھی پیش کیا تھا۔

یہ کارراوئی ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب 13 دسمبر کو پی ڈی ایم لاہور میں جلسہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے آج ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ جلسہ ہر قیمت پر ہوگا اور حکومتی غبارے سئ ہوا نکال دے گا۔

دوسری طرف حکومت کورونا کی وجہ سے جسلہ منعقد کرنے کی مخالفت کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اس کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ اپوزیشن الزم عائد کرتی ہے کہ نیب کو اس کے لیڈروں کے خلاف سیاسی دشمنی کی بناید پر استعمال کای جارہا ہے۔